ایک مردآہن کی موت

ایک مردآہن کی موت

ایک مردآہن کی موت

محمدجمیل اختر جلیلی ندوی


’’آمدورفت‘‘ اس دنیاکا ایک محکم اوراٹل حقیقت ہے، جو بھی آیاہے، جانے کے لئے آیاہے، یہاںکسی کے لئے’’ عمر خضر‘‘ مقدرنہیں، خواہ وہ ’’امرت جل‘‘ کی کئی کئی شیشیاں ہی حلق سےمعدہ تک اتارلے؛ کیوں کہ اصول مسلم ہے: کل من علیھا فان، ویبقی وجه ربک ذوالجلال والاکرام!

لیکن جانےجانے والےمیں فرق ہوتاہے، کچھ جانے والے ایسے ہوتے ہیں، جن کے جانے سے ایک کنبہ غم زدہ ہوتا ہے، کچھ ایسے ہوتے ہیں، جن کے جانے سے ایک علاقہ رنجور خاطری کا شکارہوجاتاہےاورکچھ ایسے ہوتے ہیں، جن کے جانے سے کنبہ ہی نہیں، محلہ ہی نہیں، علاقہ ہی نہیں، ملک ہی نہیں؛ بل کہ کئی کئی براعظم ؛ بل کہ کئی کئی عالم حُمّائےالم انگیزی کا شکارہوکرنحافت وناتوانی میں مبتلاہوجاتاہے، ایسے ہی جانے والوں میں’’ حضرت مولانا ڈاکٹرسعیدالرحمن اعظمی ندوی‘‘ ہیں، جنھیں ’’رحمہ اللہ‘‘ لکھتے ہوئے جسم کے رونگٹے کھڑےہوگئے ہیں اورقلم کی سرسراہٹ میں تھرتھراہٹ آگئی ہے، ایسی یقینی خبرپر بھی یقین کرنے کو جی نہیں چاہ رہا؛ لیکن بندہ کے جی نہ چاہنے سے کچھ ہونے والا نہیں، بندہ کو یقین آئے یا نہ آئے، ہونے والاحادثہ ہوچکا ہے، یعنی آج بروز بدھ بتاریخ: ۲۴/ربیع الثانی ۱۴۴۸ھ مطابق ۷/اکتوبر۲۰۲۶ء کو دارالعلوم ندوۃ العلماء کے مہتمم حضرت مولاناسعیدالرحمن اعظمی ندوی اس دارفانی سے داربقاکی طرف کوچ کرگئے ہیں، إن لله ما اخذ وله ما اعطى وكل شيئ عنده بأجل مسمى، إنا لله وانا إليه راجعون،  اللهم اغفرله و وارحمه و عافه واعف عنه، اللهم اكرم نزله و وسع مدخله و ابدله دارا خيرا من داره و أهلا خيرا من اهله و جيراناً خيرا من جيرانه، والهم اهله و ذويه الصبر والسلوان واسكنه فسيح جناتك يا رب العالمين،یاأیتھا النفس المطمئنة، ارجعی ربک راضیة مرضیة۔

آج سے تقریباً تینتیس(۳۳) سال قبل کی بات ہے، اس وقت میں سن شعورکوپہنچا ہی تھا کہ عم محترم جناب آفتاب عالم ندوی (دھنباد)مدظلہ نے میرا داخلہ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے شعبۂ حفظ میں کرادیا، ایک توکم سنی، دوسرے دیہاتی، لہٰذا اتنے بڑے ادارے میں ایڈجسٹ ہوتے ہوتے سال گزرگیا، قیام کے لئے معہدالقرآن الکریم کے کمرہ نمبر(۳) میں جگہ ملی؛ لیکن شایدہی کبھی میں نے وہاں قیام کیاہو، نہ دن میں، نہ رات میں، اللہ صحت وعافیت کے ساتھ رکھےاستاذمحترم جناب حافظ عبد الواسع صاحب کو، کہ انھوں نے بھی عم محترم کے لحاظ میں کبھی اس تعلق سے باز پرس نہیں کی، بہرحال! عمرکے اسی سن وسال میں حضرت مولانا ڈاکٹرسعیدالرحمن اعظمی ندوی ؒ سے شناسائی ہوئی، ظاہر ہے کہ اس عمر میں صرف شناسائی ہی ہوسکتی تھی، باقی کچھ نہیں، اس وقت حضرت مولانا کے سپرد تین کام خصوصیت کے ساتھ تھے: (۱) ندوہ کی مسجد کے امام وخطیب (۲)کارگزارمہتمم(کیوں کہ اس وقت حضرت مولانا محب اللہ لاریؒ صاحب عمرکے آخری پڑاؤ میں تھے اور اصولی طورپر مہتمم بھی وہی تھے؛ لیکن کام کاج حضرت مولانا سعید الرحمن اعظمی ندویؒ سنبھال رہے تھے)(۳)اور البعث الاسلامی کے مدیرتحریر۔

امامت وخطابت کے لئےسب سے اولین چیز وقت کی پابندی ہے، مولانا نہ صرف اس کے بابند تھے؛ بل کہ اس قدر بابند تھےکہ بسااوقات گھڑی بھی مارے شرم کے منھ چھپالیتی ہوگی، دھوپ کی تمازت ہو، یا بارش کی پھوار، یاپھرزمہریری ہوائیں انسان کے گودے میں پیوست ہورہی ہوں، مجال ہے کہ پابندی وقت میں کبھی کوتا ہی ہوئی ہو! مولاناکو دیکھ کر لوگ گھڑی کا وقت درست کرتے تھے، آج کے زمانہ میں اس کابڑا احساس ہوتا ہے کہ بہت سےحضرات وقت کی پابندی نہیں کرپاتے، خصوصیت کے ساتھ کچھ لوگ تواس تعلق سے اتنے بے پرواہ ہیں کہ مریدین عوام کے سوال کے جواب میں ’’حضرت بجے‘‘ کا جواب دے کر اپنی عزت بچاتے نظر آتے ہیں، ہوسکتا ہے کہ ایساکرنے میں انھیں اوربڑا ہونے کا احساس ہو۔

اس زمانہ میں مولاناکی آواز میں دم خم بھی بہت تھا، بلامبالغہ ندوہ کے گیٹ تک مولاناکے نماز پڑھانے کی آواز بغیرمائک کے پہنچاکرتی تھی، اسی دم خم کے ساتھ جمعہ کا خطبہ بھی ہواکرتاتھا، زندگی میں پہلی بارجمعہ کا خطبہ تقریری انداز میں ندوہ کی مسجد میں ہی سنا، ورنہ اپنے یہاں تو کتاب دیکھ کریاپھرزبانی رٹا رٹایا چارمنٹ کاخطبہ ہواکرتاتھا، ندوہ کی مسجد میں جمعہ کا خطبہ تقریباً بیس سے پچیس منٹ کا ہوا کرتا تھا اورپورے گھن گرج کے ساتھ ہوتا تھا، بہت سارے طلبہ تو ایسے تھے، جو خطبہ کی آواز سن کر غسل خانے کا رخ کرتے تھے اورپھرجمعہ کی جماعت میں شریک ہوتے تھے، کئی مرتبہ ایساہوا کہ مولانانے فجرکی نماز پڑھائی، پھرکہیں سفر پر چلے گئے، ایسے موقع دارالعلوم ندوۃ العلماء کے سابق شیخ التفسیر حضرت مولانابرہان الدین سنبھلیؒ جمعہ پڑھایاکرتے تھے، مولانا کاخطبہ وہی چارسے پانچ منٹ والا، اب ان طلبہ کی شکلیں دیکھنے والی ہوتی تھیں، جوخطبہ وقت کے غسل کے عادی تھے، بے چاروں کی نماز ہی چوک جاتی تھی۔

مولاناکواللہ تعالیٰ نے ایسارعب عطاکیاتھا، جوشایدمیرے زمانہ میں ندوہ کے کیمپس میں کسی دوسرے شخص میں دیکھا نہیں گیا، میرے زمانہ میں ندوہ میں دوشیرتھے، جن کودیکھتے ہی طلبہ راستہ خالی کردیاکرتے تھے، ایک تھے مرحوم حضرت مولانامرتضیٰ صاحب، جوقاری صدیق صاحب کے ہم درس تھے، اصلاً وہ لائبریری کے ذمہ دارتھے، یعنی تدریسی زندگی سے ان کی وابستگی نہیں تھی؛ لیکن اس کے باوجود طلبہ خوف کھاتے تھے، حضرت مولاناعلی میاںؒ کےلئے راستہ صاف نہیں ہوتاتھا؛ لیکن ان دونوں حضرات کے لئے راستہ صاف ہوجایا کرتا تھا، میں نے بارہا دیکھا ہے کہ حضرت مولانا ڈاکٹر سعیدالرحمن اعظمی ندویؒ البعث کے دفترسےمسجدکے لئے نکلے، البعث سے مسجد تک کاراستہ بالکل صاف، گویا انس وجن کی آبادی ہی نہ ہو، یہی رعب ودبدبہ تھا کہ ہم جیسے کتنے سلام ومصافحہ کرنے سے بھی کتراتے تھے۔

ایسا نہیں ہےکہ مولاناکی ذات میں شفقت اورنرمی کا عنصر نہیں پایاجاتاتھا، شفقت اورنرمی کاعنصربھی کوٹ کوٹ کربھراتھا، غالباً انیس سوپچانوے کی بات ہے، بعض وجوہات کی بناپر عم محترم حناب مولاناآفتاب عالم ندوی مدظلہ نے دارالعلوم سے طویل رخصت لی، کسی چھٹی میں ہم لوگوں کوحضرت مولانا کے نام ایک خط دیا، ہم دونوں بھائی: برادرمکرم جناب مولاناشکیل اخترندوی اورمیں نے حضرت سے عصرکی نماز سے قبل مسجدندوہ کے دائیں جانب کمرہ میں ملاقات کی، جہاں سے مولانامسجد تشریف لایاکرتے تھے، خوف واندیشہ کے ساتھ خط پیش کیا، ہم لوگوں کے بارے میں پوچھاکہ کون ہیں؟ پھرخط لیا، سرپرہاتھ پھیرا اورفرمایا: دونوں ملتے رہا کرو، واللہ کتنی اپنائیت اورشفقت تھی مولاناکے اس جملےمیں! لیکن بھلاہوا اس خوف کا، جو پہلے ہی سے دل میں بٹھادیاگیاتھا، یہ ہمیشہ غالب رہا اور دوبارہ کبھی بھی ملاقات کی ہمت نہیں جٹاسکے، کاش! ڈراور خوف کے پرچھائیں پر مولانا کی شفقت کا سایہ غالب آجاتا توشاید بہت کچھ براہ راست حضرت مولانا سے کشیدکرنے کی سعادت نصیب ہوتی!

مولانارحمہ اللہ جس قدرنظم وقت کے پابندتھے، اسی قدر ہر اس ذمہ داری کو نباہنے میں مہارت تامہ رکھتے تھے، جو ان کے سپردکی جاتی تھی، اسی لئے ’’حضرت مولاناعلی میاںؒ‘‘ کو ان پراعتماد تھا اور جب کارگزار مہتمم کی ضرورت پڑی تو حضرت مولانا کا نظرانتخاب پر ڈاکٹرصاحب پر پڑی، مولانا نےکئی سال تک حسن وخوبی سے اس فریضہ کوانجام دیا، پھر جب سن دوہزار میں باقاعدہ انھیں مہتمم بنایاگیاتو مزیداستحکام کے ساتھ اس فریضہ کوانجام دیا، اس دوران ندوہ پر کئی جھونکے سردوگرم کے آئے؛ لیکن ہرجھونکے کو سہہ کر اسےندوہ سے دورکیا، کتنے طعنے سہے، کتنے تیشے برداشت کئے، کتنے تیر جھیلے، نہ جانے کتنے نیزوں کی انیوں نے ان کے جگرکوتارتار کیا، نہ جانے کتنےمواقع ایسے آئے، جہاں طبیعت میں تکدر پیدا ہوا؛ لیکن قربان جایئے مولاناکے دل گردے پر!صبروشکیبائی کے ساتھ ہروارجھیل گئے، زباں پراف تک نہ لایا۔

کلاس سے باہر کی دنیامیں مولاناکی ذات جس قدررعب وداب والی تھی، کلاس کے اندروہی ذات گلاب کی پنکھڑیوں کی طرح نرم وملائم، یقیناً بعض بنیادی غلطیوں کی وجہ سے بعض طلبہ کی کاپیاں دارالعلوم کے سامنے باغیچہ کی سیرکے لئے نکل جایاکرتی تھیں؛ لیکن جب ادب عربی، مجموعۃ من النظم اور شعراء الرسول وغیرہ  کا درس دیتے تو خالص لکھنؤی زبان کی لطافت اور برمحل وبرموقع اشعار کی پیش کش درس کو خشک دریاسے نکال کر ایک ادبی سمندر کی سیرکرایاکرتے تھے اورتدریسی جوش وجذبہ اس پر مستزاد!

تدریسی زندگی کے بعدحضرت مولاناکاسب سے طویل عرصہ صحافتی زندگی میں گزرا، یقیناً مولاناانُ اصحاب قلم میں ہیں، جن کےصریرخامہ نے جمال عبدالناصر کی قومیت عربیہ کے شیش محل کرگنگرے کرائے ہیں، عربی ادب سے عربوں کے کٹتے رشتوں کی بحالی میں بالیقین مولاناکا بھی بڑا ہاتھ ہے، مولانانےصحافت کو ایک پیشہ کادرجہ نہیں دیا؛ بل کہ اسے ایک وہ مقدس ذریعہ سمجھا، جس کے ذریعہ سے خلق خدا کی رہنمائی جاسکتی ہے، مولاناؒ نے ہمیشہ اس پہلوکوسامنے رکھا اور اس کے مطابق لوگوں کو رہنمائی کرتے رہے۔

اللہ رحم فرمائے مولاناپر! اتنی ساری مصروفیتوں کے باوجود قرآن مجیدکی تلاوت سے زبان ہمیشہ تررہتی تھی، اخیرعمرمیں تومعلوم ہوا کہ روزانہ ایک ختم قرآن کا معمول تھا، یقیناً یہ بہت بڑی بات ہے؛ کیوں کہ ہم جیسے لوگ تو بہ مشکل دوڈھائی پارے ہی تلاوت کرپاتے ہیں، وہ بھی ناغہ کے ساتھ اور قسطوں میں، جب کہ ہم نہ مولاناکی طرح مصروف ہیں، نہ ان کے جیسا تصنیف وتالیف کے میدان کے شہسوار، یقیناً یہ اللہ کی ان پر بڑی مہربانی تھی۔

حضرت ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ ۱۴/ مئی ۱۹۳۵ء کو مئو ناتھ بھنجن (اتر پردیش) میں ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے، آپ نے مفتاح العلوم مئو اور دارالعلوم ندوۃ العلماء سے تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ بغداد میں ڈاکٹر تقی الدین ہلالی سے بھی خصوصی استفادہ کیا، آپ نے اپنی زندگی کے تقریباً ستر سال ندوۃ العلماء کی تدریسی، انتظامی اور دینی خدمات کے لیے وقف کیے اور سال ۲۰۰۰ء سے ندوہ کے مہتمم کے منصب پر فائز رہے، آپ عربی زبان و ادب کے مایہ ناز ادیب، خطیب، ممتاز صحافی، مجلۃ البعث الاسلامی کے مدیرِ اعلیٰ، انٹیگرل یونیورسٹی لکھنؤ کے چانسلر اور متعدد علمی و تصنیفی کارناموں کے حامل شخص تھے، عربی زبان و ادب کی گراں قدر خدمات پر آپ کو ۱۹۹۴ء میں حکومتِ ہند کی طرف سے صدرِ جمہوریہ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

اللہ تعالیٰ حضرت الاستاذ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبول بخشے اور ان کے اہلِ خانہ، متعلقین، تلامذہ اور تمام محبین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے،آمین یا رب العالمین!

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی